ڈبل شفٹ سکولوں میں اضافی ادائیگیوں

ڈبل شفٹ سکولوں میں اضافی ادائیگیوں کی نشاندہی، رقم وصولی کی سفارش

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈبل شفٹ سکولوں میں اضافی ادائیگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، اور اس کے ساتھ ہی متعلقہ افراد سے رقم وصولی کی سفارش کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں ڈبل شفٹ پرائمری سکولوں میں اساتذہ کوپالیسی کے خلاف 33لاکھ روپے سے زائد کی اضافی ادائیگیوں پر متعلقہ تمام افراد سے15روز میں پیسے واپس وصول کرنے کے ساتھ ساتھ انتقال کر جانے والے ٹیچرز کے ورثاءسے بھی مذکورہ اضافی رقم واپس وصول کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اس حوالے سے شکایات کی انکوائری رپورٹ کے مطابق ڈبل شفٹ سکول پالیسی کے تحت پرائمری لیول پر اساتذہ کیلئے 12ہزار روپے ماہوار اور کلاس فورسٹاف کیلئے 5ہزارروپے ماہانہ وظیفہ مقرر کیاگیاہے۔
اس پالیسی کے متضاد ٹاﺅن ون ، ٹاﺅن ٹو، تھری اور فور پشاور میں ڈبل شفٹ کیلئے مختص55 سکولوں میں اساتذہ کو 12ہزار کے بجائے ماہانہ 22ہزار روپے جاری کئے گئے۔
ٹاﺅن ون کے10 ڈبل شفٹ پرائمری سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز اور اساتذہ کے 6 دسمبر 2021 سے 31 مئی 2022 تک 13لاکھ 11 ہزار روپے و اجب الادا تھے تاہم متعلقہ سب ڈویژنل ایجوکیشن افسران کی جانب سے اس مدمیں 21لاکھ 30 ہزار سے زائد رقم جاری کی گئی۔
ٹاﺅن ٹو کے 22 سکولوں کے ہیڈ ٹیچرز اور اساتذہ کو 48لاکھ88ہزار روپے جاری کئے گئے ہیں حکومت کی پالیسی کے تحت اصل رقم 28 لاکھ58ہزار روپے بنتی ہے۔
ٹاﺅن تھری میں سیکنڈ شفٹ کیلئے مختص10 پرائمری سکولوں کے اساتذہ کو 12ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے 9لاکھ81ہزار 400روپے جاری کرنے کے بجائے 22ہزار روپے کے حساب سے 15 لاکھ 2 ہزار روپے سے زائد کی ادائیگی کی گئی ہے۔
ٹاﺅن فور کے 13سکولوں کے اساتذہ کو 6لاکھ36ہزار روپے کے بجائے پانچ لاکھ28ہزار روپے کی اضافی رقم کے ساتھ 11لاکھ65ہزار روپے ادا کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی نے تمام ٹاﺅنز کے سب ڈویژنل ایجوکیشن افسروں کو اضافی رقوم کی واپسی کیلئے خط ارسال کیا ہے، ٹاﺅن ٹو کے علاوہ کسی بھی دوسرے ایجوکیشن آفس کی جانب سے تاحال اس خط کا جواب نہیں دیا گیا ہے۔
کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ٹاﺅن ون کے اساتذہ سے 8لاکھ 19ہزار روپے ،ٹاﺅن ٹو کے ا سا تذ ہ سے 14 لاکھ 42 ہزار روپے ، ٹاﺅن تھری کے اساتذہ سے 5لاکھ 21ہزار روپے اور ٹاﺅن فور کے اساتذہ سے5لاکھ28ہزار روپے و صو ل کرکے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں واپس جمع کرانے کی سفارش کی ہے۔
اس سلسلے میں متعلقہ ایس ڈی ای اوز کو پروموٹ ہونے والے یا ریٹائر ڈ ہو نے والے ٹیچرز کو مطلع کرنے کے علاوہ جن اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کا انتقال ہوا ہے، ان کے اہل خانہ کو یہ واجب الادا رقم جمع کرا نے کیلئے مطلع کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
انکوائری کمیٹی نے رپورٹ میں پشاور میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کی نشاندہی کے بعد صوبہ بھر میں ڈبل شفٹ سکولوں کے سٹاف کو ماہانہ بنیادوں پر اضافی ادائیگیوں کی جانچ پڑتال کرانے کی سفارش کی ہے ۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈبل شفٹ سکولوں میں اضافی ادائیگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، اور اس کے ساتھ ہی متعلقہ افراد سے رقم وصولی کی سفارش کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  صوابی سٹی پولیس سٹیشن میں دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 35 زخمی