چھوٹے کا گوشت ۔گدھا ہو یا مینڈک

میری طرح ہمارے ملک عزیز میں سینکڑوں لوگ مدتوں سے بڑے جانور کا گوشت جسے عرف عام میں موٹا گوشت کہا جاتاہے کھارہے ہیں۔ چھوٹے جانور کا گوشت دل کو لبھاتا ضرور ہے تاہم قیمتیں اتنی بلندی پر ہیں کہ الامان الحفیظ۔ لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے پشاور میں بچھڑے کے گوشت کی مانگ بڑھ رہی ہے اور سننے کو یہ بھی آیا ہے کہ کہیں کہیں چھوٹے گوشت میں مکس کرکے بچھڑے کا گوشت ہی بیچا جارہاہے اب دو باتیں کھٹک رہی ہیں کہ پہلے تو یہ کہ چھوٹے گوشت کی قیمت اداکرکے ہم آخر میں بڑا گوشت ہی کھارہے ہیں اور دوسری یہ کہ اب یہ بچھڑے صحت مند بھی ہیں یا بیمار بچھڑوں کا گوشت کھاکر صحت مند ہونے کی بجائے مزید بیمار پڑجائیں۔
ماضی قریب میں بھی اس طرح کی ایک سکیم آئی تھی اورجی تو ہمارا بھی للچا رہاتھا کہ ہم بھی اتنا سستا ، بغیر ہڈی اور مزے دار گوشت بے دریغ خریدیں ، خوب مزے لے لے کرخود بھی کھائیںاس کے ساتھ ساتھ اپنے مہمانوں کو بھی کھلائیںاور بقول شخصے گوشت کھانے سے ایمان بھی تازہ ہوجاتا ہے اور صحت بھی خوب بن جاتی ہے۔ مگر ڈر تھا کہ کہیں ایمان تازہ کرتے کرتے پورے ایمان سے نہ ہاتھ دھو بیٹھیں، اس طرح کبھی مذہب آڑے آجاتاکہ معلوم نہیں یہ گوشت حلال ہے بھی یا نہیں اور کبھی صحت کی طرف سے متفکر ہوجاتے کہ مبادا یہ گوشت صحت کے اصولوں کے مطابق ہمارے لئے اچھا نہ ہو تو بجائے صحت بننے کے مزید بگڑ جائے ۔ اب یہاں اگر کوئی کہے کہ بھئی ہم جو گوشت روزانہ کھاتے ہیں کیا وہ ہماری ناتواں صحت کے لئے اچھا ہے تو اس کا جواب بھی نفی میں ہے، ہمارے ہاں جو مقامی گوشت بھی فروخت ہورہا ہے اس کے حلال ہونے کی تو تسلی کسی طور ہو جاتی ہے مگر اس کے انسانی صحت کے لئے مضرہونے کے شاکی ہم تھے اور ہیں ۔ آج سے چند برس قبل امپورٹڈ گوشت پرہمارا شک یوں بھی تقویت پکڑ گیا کہ اس گوشت کے صوبہ اور بالخصوص پشاور میں آنے یا دستیاب ہونے سے پہلے ہم نے اپنے ٹیلی ویژن پر ایک نجی چینل کی رپور ٹ دیکھی تھی کہ جس میں کہا گیا تھاکہ پنجاب کا ایک گروہ بکرے کے گوشت میں پانی ڈال کر اس کے وزن میں اضافہ کردیتا ہے اور پھر اسے بازار میں بیچتاہے۔ رپورٹ میں ایسا کرنے والے نے بتایا کہ وہ بکرے کو ذبح کرنے کے فوراًبعد بکرے کے دل کے ساتھ ایک رگ میں تازہ پانی کا پائپ لگا دیتاہوں اور خریدنے والے قصاب کی خواہش کے مطابق پانی ڈالنا ہے تاکہ حسب خواہش وزن بڑھایا جائے اور پھر بازار میں چند روپے سستا کرکے یہ گوشت بکتا ہے ۔ اس طرح یہ عاقبت نا اندیش چند روپوں کی خاطر کھلے عام انسانی جانوں سے کھیلتے ہیں ۔ نجی ٹیلی ویژن کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ یہ گروہ پنجاب سے نکل کر کراچی میں بھی اپنے گھنائونے کارو بار کرچکا ،اس رپورٹ کے مطابق ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ آیا یہ گوشت انسانی جان کے مضر صحت ہے یا نہیں۔
ہم بھی عام شہری کی طرح سے شہر میں فروخت ہونے والے اس گوشت کے لئے تشویش کا شکار تھے ہی اور دل ہی دل میں یہ دعا کررہے تھے کہ خدا کرے کہ کسی ارباب اختیار کی اس پر نظر پڑے، وہ خود یا پھر اس کا کوئی قریبی رشتہ دار اس گوشت کو خرید کر کھائے اور آگے جو ہو اس سے ہمیں بھی آگاہی ہو کیونکہ پورے پاکستان اور صوبہ کی طرح ہمارے پیارے پشاور میں بھی خانہ پرُی کے لئے فوڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بھی ہے اور اسکا عملہ بھی شہر بھر میں گھومتا پھرتا ہے جس کی خبریں اخبارات کی زینت بنتی ہیں۔ اس کے باوجود ہمارے سادھ لوح عوام بے چارے ہر روز صبح شام مضر صحت خوراک کھارہے ہیں اور ناجائز منافع خور اپنی من مانی کرتے ہوئے چند ٹکوں کی خاطر پوری قوم کی صحت سے کھیل رہے ہیں۔ دودھ کے ناخالص ہونے پر آپ میراکالم پڑھ چکے ہیں ۔ کھلے عام مضر صحت دودھ صرف فروخت ہی نہیں ہورہا بلکہ پوری دیدہ دلیری سے فروخت ہورہا ہے۔ سبزیاں ، گوشت بڑا چھوٹا دونوں ، مچھلی، فروٹ، مرغی، انڈے اور دیگر عام استعمال کی چیزیں بھی بغیر کسی روک ٹوک کے کھلے عام فروخت ہورہے ہیں اور ان دکانداروں چاہے وہ تھوک کا دکاندار ہو یا پرچون فروش سب کے سب نے اپنی من مانی کرتے دکھائی دیتے ہے۔ خدا کرے یہ جو گوشت ہم کھارہے ہیں وہ کسی حلال جانور کا ہے اوروہ کسی طور گدھے، مینڈک اور پانی بھرا مضر صحت نہیں ہے۔کیونکہ کہنے والے کہتے ہیں بھئی گوشت تو ہے ناں چاہے بکرے، دنبے، گائے بلکہ گدھے اور مینڈک ہی کا کیوں نہ ہو۔

مزید پڑھیں:  ووٹ کو عزت دو؟؟