وزیراعظم کی بل گیٹس سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف کی امریکہ میں بل گیٹس سے ملاقات

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکہ میں بل گیٹس سے ملاقات کی جس میں پولیو کے خاتمے، ڈیجیٹلائزیشن اور مالی شمولیت کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکوں، ڈیجیٹلائزیشن اور مالی شمولیت کے لیے گیٹس فانڈیشن کے پاکستان کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رواں برس جون میں بل گیٹس کے دورہ پاکستان کا ذکر کیا اور دسمبر 2024 میں سیٹل میں گیٹس فاؤنڈیشن کے دورے کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف ن یملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا اور اس کوشش میں دیرینہ تعاون پر بل گیٹس اینڈ ملینڈا فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے لیے کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے بل گیٹس نے زور دیا کہ پولیو کا خاتمہ آئندہ نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسین پروگرام میں وزیراعظم کی ذاتی نگرانی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران بل گیٹس نے افغانستان کے ساتھ صحت کے جامع ڈائیلاگ پر بھی روشنی ڈالی اور ان اقدامات کے لیے تعاون کی درخواست کی۔
انہوں نے ان جگہوں پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے پر اپنی رضامندی کا بھی اظہار کیا جہاں بچوں کو پولیو ویکسین ابھی تک میسر نہیں ہوئی یا پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی تعداد زیادہ ہے خاص طور پر جہاں بچوں کو بیماری لگنے کی شرح زیادہ ہے۔
بل گیٹس نے وزیر اعظم کو شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف سینٹر کی پولیو اور دیگر صحت سے متعلق امداد سے متعلق اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں مظاہرین کا پیسکو گرڈ اسٹیشن پر دھاوا، بیشتر علاقوں کی بجلی بند کردی