وزیراعظم کو خط میں گورنر

وزیراعظم کو خط میں گورنر بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات کی تلقین کریں

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو خط میں گورنر بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات کی تلقین کریں، انہیں یہ بھِی بتائیں کہ کراس بارڈر دہشت گردی روکنا وفاق کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر وفاقی حکومت کو امن و امان کے حوالے سے بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات کی تلقین کریں، اس کے ساتھ انہیں وزیراعظم کو سمجھانا چاہئے کہ کراس بارڈر دہشت گردی روکنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ گورنر خط لکھنے میں وزیراعظم پاکستان کو صوبے کے بقایاجات کے بارے میں بھی آگاہ کریں، اور اس میں پن بجلی کے بقایاجات کا ذکر نہ بھولیں۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ کے مسائل بھِی وزیر اعظم کے گوش گزار کرانا نا بھولیں، انہیں لکھیں کہ خیبر پختونخوا بھی پاکستان کا حصہ ہے۔
صوبائی مشیر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خط میں لکھیں کہ خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ رکھیں، گورنر ہر روز نئے شوشے چھوڑ رہے ہیں کام ان کا کوئی ہے نہیں، بس اپنی نوکری بچانے میں لگے رہتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  باجوڑ میں پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا