تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنا

معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے،علی امین گنڈا پور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پریس کلبوں میں گرانٹ ان ایڈ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں علی امین گنڈا پور بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے ۔
تقریب میں مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف، سیکرٹری اطلاعات، نظامت اطلاعات و تعلقات عامہ کے اعلیٰ حکام اور تمام پریس کلبوں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی ۔
تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے نے پریس کلبوں میں گرانٹ ان ایڈ کے چیکس تقسیم کئے ۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے صحافت ناگزیر،میڈیا ہی کے ذریعے عوام کے مسائل اجاگر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مثبت تنقید کی روشنی میں اپنی اصلاح کرنی چاہیے، حکومت کا فرض بنتا ہے کہ ہر سیکٹر کو پروموٹ کیا جائے، ہم نے مل کر کام کرنا ہے اور اپنا اپنا فرض ایمانداری سے نبھانا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے جن علاقوں میں پریس کلب نہیں وہاں قائم کیے جائیں،معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صحافی برادری کے ساتھ تعلق اور رشتہ بحال رہے گا انکی ضروریات کو پورا کیا جائے گا،صوبائی حکومت کی سولر اسکیم میں صحافیوں کو بھی پیکج دیا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے فرنٹ فٹ پر کھیلنا ہوگا، ملک کو امن و امان اور کمزور معاشی صورتحال جیسے چیلنجز درپیش ہیں ۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنے اور عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے کے لیے ہمیں آواز اٹھانی ہوگی،خیبرپختونخوا حکومت چیلنجز کو مواقع میں بدلنے پر کام کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کرنے کے لئے فنڈز جنیریٹ کر رہے ہیں ہم عوام کے پیسے کے امین ہیں عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سے پوچھ گچھ ہوگی، سوالات سے کسی کو استثنیٰ نہیں ہوگا، ہمیں اپنے اندر اصلاح کرنے کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جس پر جتنی ذمہ داری ہوتی ہے اس سے اس کے بارے میں ضرور پوچھا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  روس نے نیوکلیئر ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دیدی