Wheat

صوبے میں آٹے کا بحران نہیں بلکہ وافر مقدار میں آٹا موجود ہے- سیکرٹری محکمہ خوراک خیبر پختونخوا

پشاور: سیکرٹری محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نثار احمد اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر احمد نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں آٹے کا بحران نہیں ہے بلکہ مارکیٹ میں وافر مقدار میں آٹا موجود ہے جبکہ محکمہ خوراک کے افسران وقتاً فوقتاً مارکیٹوں میں جاکر آٹے کی فراہمی سے متعلق آگاہی حاصل کر نے سمیت آٹے کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولراور فوڈ انسپکٹر نے شہر کے مختلف مارکیٹوں اور خصوصاً رامپورہ گیٹ پشاور کا دورہ کیا اور مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی بارے آگاہی حاصل کی جہاں پر آٹا ڈیلروں نے آٹے کے بحران سے متعلق افواہوں کو رد کیا اور کہا کہ مارکیٹ میں آٹا وافر مقدار میں موجود ہے جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے ڈیلروں کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو بلا ناغہ آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں:  چارسدہ میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی جانب سے گندم کی ترسیل بند کی گئی تھی جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا تھا اور وزیر اعظم عمران خان کے احکامات کے بعد صوبے کو گندم کی ترسیل شروع ہو گئی ہے اور جگہ جگہ ناکے بھی ختم کردیئے گئے ہیں جس کے بعد قیمتوں کو اعتدال پر لایا گیا ہے اور اس میں مزید کمی لائی جائیگی جس کے تحت بہت جلد شہریوں کو سرکاری نرخ کے مطابق آٹے کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی ۔ ا نہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی افواہوں پر کان نہ دھریں اور جہاں کہیں بھی شہریوں کو اشیائے خوردونوش سے متعلق مسئلہ درپیش ہو تو وہ شکایات سیل پر رابطہ کریں ان کو درپیش مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں شادی شدہ خاتون کی قتل شدہ نعش برآمد، تفتیش شروع