شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں سربراہی

شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں سربراہی اجلاس آج ، تیاریاں مکمل

ویب ڈیسک: شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں سربراہی اجلاس آج شروع ہوگا، اجلاس میں شرکت کیلئے چین، روس، ایران، تاجکستان، بھارت اور کرغزستان کے وفود اسلام آباد پہنچ گئے، اور اس سمٹ میں میزبان پاکستان سمیت 8 ممالک کے وزرائے اعظم شرکت کریں گے۔
اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے 7 نمائندے، روس کے 76 رکنی اور بھارت کے 4 رکنی وفد کے علاوہ چین کا 15 رکنی، کرغزستان کا 4 اور ایران کا 2 رکنی وفد پاکستان پہنچ چکا ہے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سربراہی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
چین کے وزیراعظم لی چیانگ اور روسی وزیراعظم میخائل مشوستن کے علاوہ بیلاروس، قازقستان ، تاجکستان کے وزرائے اعظم بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر، ازبک وزیراعظم اور ایران کے اول نائب صدر بھی موجود ہوں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں سربراہی اجلاس آج شروع ہو رہا ہے جو کہ کل 16 اکتوبر تک جاری رہے گا، اجلاس میں منگولیا مبصر کے طور پر شرکت کر رہا ہے، اس لئے منگولیا کے وزیراعظم بحیثیت نمائندہ شامل ہیں۔ ترکمانستان کی بطور مہمان خصوصی نمائندگی کابینہ کے نائب چیئرمین راشد مریدوف کررہے ہیں۔
ایس سی او اجلاس میں شرکت کرنے والے لیڈران فوٹو سیشن میں‌بھی حصہ لیں‌گے، وزیراعظم شہباز شریف افتتاحی خطاب کریں گے جبکہ اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس دوران کئی اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے حوالے سے اسلام آباد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے، اس کی سجاوٹ بہترین انداز میں کی گئی ہے،شہر کی اہم شاہراہوں، چوک چوراہوں پر سبز ہلالی رنگوں کی خوبصورت منظر کشی کی گئی ہے۔ سرکاری عمارات کے ساتھ ساتھ نجی کاروباری مراکز کو بھی سجایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اسلام آباد کو سجانے کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کیخلاف ونڈے سیریز کیلئے پیٹ کمنز کینگروز سکواڈ کے کپتان مقرر