لبنان میں کرسچن کمیونٹی پر اسرائیل

لبنان میں کرسچن کمیونٹی پر اسرائیل کا حملہ، 18افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: لبنان میں کرسچن کمیونٹی پر اسرائیل کا حملہ ، 18افراد جاں بحق ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں گاﺅں کے اوپر سرمئی دھوئیں کا مرغولہ اٹھتا دکھایا گیا ہے۔
ریڈ کراس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شمالی لبنان کے پہاڑوں پر واقع ایتو نامی ایک قصبے پر اسرائیلی فضائی حملے میں 18 افراد لقمہ اجل گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں گاﺅں کے اوپر سرمئی دھوئیں کا مرغولہ اٹھتا دکھایا گیا ہے، جبکہ کئی تصاویر میں لاشیں اور زخمی افراد کو زمین پر پڑے دکھایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایتو پہاڑ پر واقع ایک ایسا گاﺅں ہے جہاں عیسائی بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ یہاں کئی گرجا گھر اور تقریباً ایک ہزار کی مقامی رہائشی آبادی ہے، تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ لبنان میں جنگ سے بے گھر ہونے والے بہت سے لوگ وہاں رہ رہے ہیں۔
اس سے قبل مقامی رپورٹس میں بتایا جا رہا تھا کہ لبنان میں کرسچن کمیونٹی پر اسرائیل کا حملہ ہوا ہے جس میں کم از کم نو ہلاکتیں ہوئی ہیں تاہم اب لبنانی ریڈ کراس نے ہلاکتوں کی تعداد 18 بتائی ہے۔ گزشتہ سال سات اکتوبر کو حماس کے حملوں کے بعد سے لڑائی کے دوران یہ پہلا موقع ہوگا جب اسرائیل نے عیسائی اکثریتی علاقے کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے کے حوالے سے اسرائیل نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پولیس ترمیمی ایکٹ میں مزید ترامیم، وزیر اعلیٰ سے اختیار واپس