پشاور میں دفعہ 144

پشاور میں دفعہ 144، یکم سے 15 محرم تک 25 پابندیاں

ویب ڈیسک: پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے یکم سے 15 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے 25 مختلف قسم کی پابندیاں عائد کر دیں جن میں ڈبل سواری، آتش گیر مواد کی خرید و فروخت، فرقہ واریت کو ہوا دینے والے علماء اور ذاکرین کے خطاب اور مہاجرین کے کیمپوں سے باہر جانے پر پابندی شامل ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز پشاور نے مراسلہ ارسال کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران پابندیاں لگانے کی سفارش کی ہے جس کی بنیاد پر ضلعی انتظامیہ نے پابندیاں عائد کر دی ہے۔ حکم نامہ کے مطابق یکم سے 15 محرم الحرام تک نفرت انگیز مواد کی پرنٹنگ اور تقسیم، خصوصی طور پر مساجد اور امام بار گاہوں کی دیواروں پر وال چاکنگ، ڈبل سواری، مساجد اور دیگر جلسوں کے جلوسوں میں فرقہ واریت پھیلانے والے علماء، ذاکرین، متولی، خطیب، مہمان مقررین، دوسرے اضلاع سے آنے والے کالعدم علماء، نجی اور سرکاری گاڑیوں پر رنگین شیشوں، ہوائی فائرنگ، ہتھیار، بارود رکھنے اور ان کی نمائش، افغان مہاجرین کو ان کے کیمپوں سے باہر نکالنے، اشتعال انگیز تقاریر، نفرت انگیز مواد پر مشتمل کیسٹس اورسی ڈی، سکریپ ذخیرہ کرنے، دکانوں کے سامنے تماشائیوں اور جلوسوں کے قریب تماشائیوں کے کھڑے ہونے، فائر کریکرز کے استعمال، تیزاب یا دھماکہ خیز مواد یا ایسا مادہ جو دھماکہ خیز مواد بنانے میں استعمال ہوتا ہے سے متعلق دکانیں کھولنے، کاروں اور موٹر سائیکلوں کو کرائے پر لینے کے کاروبار پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اسی طرح سٹی ڈویژن میں ہوٹلوں، سرائیوں اورسینما کے کاروبار، دکانوں اور دیگر کھلے علاقوں میں ڈیزل، پیٹرول، مٹی کے تیل اور دیگر ایندھن بیچنے، لائوڈ سپیکرز کا غلط استعمال (سوائے اذان اور جمعہ خطبات کے)، غیر مجاز افراد کے پولیس لائٹس کے استعمال، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے استعمال یا جعلی نمبر پلیٹ، جلوسوں کے راستے میں آنیوالی دکانوں میں گیس سلنڈر رکھنے، جلوسوں کے راستوں کی سڑکوں پر ملبہ، تعمیراتی سامان اور گھریلو فضلہ ڈالنے، جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کے اطراف میں عمارتوں اور گھروں کی چھتوں پر کھڑے ہونے، امام بارگاہوں کے قریب ہوٹلوں، سرائے اور گھروں میں اجنبیوں کے ٹھہرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کا بیروت میں ڈرون حملہ، حزب اللہ کے اہم کمانڈر کی شہادت کی اطلاعات