افغانوں کوپاکستان میں رہنے کی اجازت دیناسنگین غلطی تھی،نتائج بھگت چکے،وزیردفاع

ویب ڈیسک: کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حالیہ پرتشدد واقعات میں افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے پر وزیردفاع نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کو پاکستان میں بسانے کی اجازت دینا ایک سنگین غلطی تھی۔ نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ صورتحال نے افغان مہاجرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں اہم خدشات کو جنم دیا ہے۔ پاکستان اس سے قبل بھی افغان مہاجرین کو پناہ دینے اور میزبانی کے نتائج بھگت چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اندر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی اور ان کی نقل و حرکت کا ہمیں بخوبی علم ہے، پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دور حکومت میں سنگین غلطیاں کی ہیں، ریاست کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا اور تین لاکھ سے زائد لوگوں کو یہاں لاکر بسایا گیا جبکہ پانچ لاکھ افغان تارکین پہلے ہی سے پاکستان میں موجود تھے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں ہم نے کیا کیا؟ اب ہمیں پاکستان میں افغان مہاجرین کے مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے ۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ماضی میں خود کش حملے میں ملوث ایک دہشت گرد مریض کے خدمت گار کے روپ میں یہاں بیٹھا تھا، اب پاکستان میں موجود افغان شہری بھی ایسے واقعات میں ملوث ہونے لگے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک وفد کے ساتھ کابل کے دورے کے دوران انہوں نے افغان طالبان اور حکومت کے سامنے دہشت گردی کے ان واقعات پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ افغان حکومت نے ہمیں کچھ تجاویز بھی پیش کیں جبکہ ہمارے خدشات اور تحفظات پر ان کا ردعمل منفی نہیں تھا لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں یہ واقعات رکے نہیں، ہمیں اس معاملے کا فوری حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے۔
ہمارے پاس مختلف آپشنز دستیاب ہیں، اور کابل کو ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ہمارے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔ اس سے قبل سوشل میڈیا پر بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان دوحہ معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا اور نہ ہی ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق ادا کر رہا ہے، پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشتگردوں کو افغان سرزمین پر پناہ گاہیں میسر ہیں۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں بچوں کی لڑائی پر فائرنگ ،ایک شخص جاں بحق ،خاتون زخمی