افغانیوں کے شناختی کارڈ بلاک

پاکستانی پاسپورٹ پر حج کرنیوالے افغانیوں کے شناختی کارڈ بلاک

ویب ڈیسک: نگران وفاقی وزیرمذہبی امور انیق احمد کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین پاکستانی پاسپورٹ پر حج پر جاتے تھے، ایسے تمام شناختی کارڈ بلاک کر دئیے گئے ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا تھا کوئٹہ میں بین المذاہب ہم آہنگی میں شاندار کانفرنس ہوئی۔
کانفرنس میں علماء کرام اور اقلیتی برادری کے نمائندے شریک ہوئے۔
ملک کے بڑے شہروں میں بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔
حج 2024 کے حوالے سے نگران وزیر برائے مذہبی امور کا کہنا تھا ہماری کوشش ہے کہ حاجی کیمپ میں حجاج کرام کو سہولیات فراہم کی جائیں۔
پچھلے سال کے حج میں کوئی مسائل نہیں تھے، ہم آنے والے حج کیلئے کام کر رہے ہیں۔
انیق احمد کا کہنا تھا افغان مہاجرین پاکستانی پاسپورٹ پر حج پر جاتے تھے، ایسے تمام شناختی کارڈ بلاک کر دئیے ہیں۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اور آئی ٹی کی وزارت نے ملکر حاجیوں کیلئے بہترین کام کیا ہے۔
حاجیوں کو کیو آر کوڈ کا حامل سوٹ کیس بھی فراہم کیا جائیگا۔
اس سال حج پر جانے والی تمام خواتین کو عبایا بھی دیا جائیگا۔
انیق احمد کا کہنا تھا گزشتہ سال حج پیکج 11 لاکھ 75ہزار روپے تھا جو اس سال کم ہو کر 10 لاکھ 75 ہزار روپے ہے۔

مزید پڑھیں:  اب کی بار ہار گیا تو دوبارہ صدارتی انتخاب نہیں لڑ سکوں گا، ٹرمپ