توشہ خانہ کیس، بانی پی ٹی آئی پر فرد جرم کی کارروائی 8 جنوری تک موخر

ویب ڈیسک: 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ کیس اہم مرحلہ میں داخل ہو گئے۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی پھر موخر کر دی گئی۔ سماعت کیلئے نئی تاریخ 8 جنوری مقرر کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں اس حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت ملزمان کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی نقول تقسیم نہ ہو سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں ہونیوالی سماعت کے دوران 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں 6 شریک ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ شریک ملزمان سے متعلق تفتیشی آفیسر نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروایا۔
اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ریفرنس کی نقول کی فراہمی کو 7 روز مکمل ہو چکے اس لئے فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی جاتی ہے۔
دوران سماعت ملزمان کے وکیل لطیف کھوسہ نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی ضمانت کی درخواستوں کو پہلے سنا جائے۔
تمام دلائل سننے کے بعد فرد جرم عائد کرنے اور درخواست ضمانت پر سماعت کیلیے عدالت کی جانب سے 8 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی گئی۔

مزید پڑھیں:  اورکزئی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق