نکاح کیس کا اخراج ، بشریٰ بی بی کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

ویب ڈیسک: سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نکاح کیس خارج کرنےکیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے نکاح کیس میں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدت میں نکاح کا کیس نہیں بنتا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ سابق شوہر خاور مانیکا کی جانب سے من گھڑت دستاویزات کی بنیاد پر عدت میں نکاح کا جھوٹا الزام لگایا گیا۔
درخواست میں انہوں نے واضح کیا کہ سابق شوہر کے مطابق اس نے مجھے 14 نومبر 2017 کو طلاق دی جبکہ حقیقت میں انہوں نے 15 اپریل 2017 کو تین مرتبہ زبانی طلاق دی تھی۔ عدت نکاح کیس کے حوالے سے انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اگست 2017 میں میں اپنی والدہ کےگھر منتقل ہوئی اور یکم جنوری 2018ء کو بانی پی ٹی آئی سے شادی تک والدہ کے گھرقیام کیا۔
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ایسٹ کا 11 جنوری کا حکم کالعدم اور عدت کے دوران نکاح کا کیس خارج کرنے کا حکم جاری کیا جائے جبکہ درخواست پر فیصلے تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی روکی جائے۔

مزید پڑھیں:  حزب اللہ کا اسرائیل پر بڑا حملہ،ساحلی شہر اور فوجی اڈےکونشانہ بنایاگیا