غیر شرعی نکاح

غیر شرعی نکاح : عمران خان اور اہلیہ پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

ویب ڈیسک :تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر غیر شرعی نکاح کیس میں فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی ۔
سینئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے ایک دن کی درخواست استثنیٰ دائر کی جس پراسیکیوشن کے وکیل رضوان عباسی نے بشریٰ بی بی کی درخواست استثنیٰ کی مخالفت کی۔
وکیل رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے وکلا بار بار حاضری سے استثنیٰ مانگ رہے ہیں، گزشتہ سماعت پر بھی میڈیکل گراؤنڈ پر استثنیٰ مانگا گیا، آج بھی بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔
عدالت نے دو بار سماعت میں وقفہ کرکے بشریٰ بی بی کو پیش کرنےکا حکم دیا، وکیل بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی لاہور میں ہیں اور ان کی طبیعت خراب ہے۔
مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے اظہار برہمی کیا، بشریٰ بی بی کے وکلا کی تحریری ضمانت پر عدالت نے کل تک استثنیٰ دے دیا۔
وکلا کی تحریری ضمانت کے بعد عدالت نے بشریٰ بی بی کو کل ہر صورت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت کل 16 جنوری تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  مالی میں دہشت گردوں کا سکول پر حملہ، 80افراد ہلاک ہو گئے