کھانے کی دعوت

برف پگھلنے لگی،فیصل کریم کنڈی کی علی امین کو کھانے کی دعوت

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے دو بڑوں کے درمیان گزشتہ چند روز جاری لفظی گولہ باری کے بعد برف پگھلنے لگی ،گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کوکھانے کی دعوت دے دی ۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہر سیاسی رہنما کے پاس خود چل کر جائوں گا ، وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کو دعوت دیتا ہوں، میرے پاس لنچ پر آئیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہائوس میں صوبائی حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی، ہم ان کو سیاسی یتیم نہیں بننے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کی صورتِ حال بہتر نہیں ، مرکز سے کچھ چاہیے تو میں بات کروں گا۔ کے پی حکومت کو کہا ہے کہ مل کر وفاق سے عوام کے حقوق کا مقدمہ لڑتے ہیں، اپنے صوبے کا مقدمہ بنائیں گے اور متعلقہ فورم پر بات کریں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ بجلی، پانی، گیس اور دیگر مقدمات وفاق کے سامنے رکھوں گا ، چیزیں مل کر حل ہو سکتی ہیں، ہم جھگڑا نہیں چاہتے، جھگڑنے کے لیے یہ فورم نہیں وزیراعلیٰ مجھے دعوت دے میں آ جاؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لفظی جنگ میں ہم نچلی سطح پر نہیں جائیں گے ،جو چیزیں دوسرے صوبوں کی اچھی ہیں، خیبر پختونخوا کو اپنانی چاہیے۔
گورنر نے کہا کہ شاید مولانا فضل الرحمان کا بھی اتحاد ہو رہا ہے ، بقول مولانا فضل الرحمان کے انکے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی