مالاکنڈ، ٹیکسز کیخلاف سخاکوٹ میں احتجاج، ٹیکس نامنظور کے نعرے

ویب ڈیسک: ضلع مالاکنڈ میں ٹیکسز کے نفاذ کیخلاف سخاکوٹ میں احتجاجی جلوس نکالا گیا جلوس کی قیادت متحدہ ٹریڈ یونین کے صدر طاہر اکبر نے کی۔
ذرائع کے مطابق جلوس میں علاقہ بھر کے عوام نے بھرپور شرکت کی۔ جلوس کے دوران مالاکنڈ میں ٹیکس نامنظور کے نعرے لگائے گئے۔
یاد رہے کہ اس دوران احتجاجی طور پر تمام کاروباری مراکز بند رہے۔
جلوس نے بعدازاں احتجاجی جلسے کی شکل اختیار کر لی جس سے صدر طاہر اکبر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ مالاکنڈ ایک پسماندہ ضلع ہے جو پہلے سے دہشتگردی، سیلاب، زلزلے اور بے روزگاری کا شکار رہا ہے۔ ان آفتوں کے باعث تاحال عوام اپنے پاؤں پر کھڑے نہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ کے عوام کو ریاست کی طرف سے امن و امان، روزگار، میگا پراجیکٹس اور ترقی کی مد میں مراعات فراہم نہیں کی گئیں جبکہ ٹیکس لگا لگا کر یہاں کے باسیوں کے زخموں پر نمک پاشی کی جارہی ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مالاکنڈ کے عوام کسی صورت اس ظالمانہ سلوک کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کریں گے۔
اس موقع پر احتجاج کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک حکومت اپنی تجاویز واپس نہیں لے گی تب تک احتجاج جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ ضلع مالاکند میں ٹیکسز کیخلاف احتجاجی جلوس کے دوران ٹیکس نامنظور کے نعرے لگائے گئے.

مزید پڑھیں:  علیمہ اور عظمیٰ خان مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے