سرکاری ریسٹ ہاؤسز میں وی آئی پی شخصیات کے مفت قیام پر پابندی عائد

ویب ڈیسک: سرکاری ریسٹ ہاؤسز میں وی آئی پی شخصیات اور ان کی فیملیز کے مفت قیام پر عوامی شکایات کی روشنی میں مشیر سیاحت نے فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی۔
صوبائِی مشیر سیاحت، ثقافت و آثارقدیمہ زاہد چن زیب نے سرکاری ریسٹ ہاؤسز میں وی آئی پی شخصیات اور فیملیز کے مفت قیام پر پابندی کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
مشیر سیاحت کو عوامی حلقوں کی طرف سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ عام سیاحوں کو بسا اوقات محکمہ سیاحت و ثقافت کے زیرانتظام سرکاری ریسٹ ہاؤسز، کاٹیجز اور کیمپنگ پوڈز میں قیام کیلئے جگہ نہیں مل پاتی جبکہ وی آئی پی شخصیات اور انکی فیملیز ان میں یہ سہولیات مفت حاصل کرتے ہیں۔
مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے ساتھ ہی خیبرپختونخوا کلچرل اینڈ ٹورازم اتھارٹی سمیت، کیلاش، گلیات، کاغان، اپر سوات اور کمراٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہان سمیت تمام متعلقہ حکام کو بھی ہدایت جاری کی ہیں کہ صوبائی حکومت اور محکمہ سیاحت کے اعلیٰ حکام سے لیکر وہ خود یا ان کی فیملیز بھی گنجائش کے مطابق ان ریسٹ ہاؤسز میں قیام کریں تو ان سے بھی قانون کے مطابق واجبات وصول کئے جائیں۔

مزید پڑھیں:  شبلی فراز کے وکیل نے درخواست راہداری ضمانت واپس لے لی