میجر بابر نیازی شہید کی نماز جنازہ ادا

ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر بابر نیازی کی نماز جنازہ ژوب کینٹ میں ادا کر دی گئی۔
آئِی ایس پی آر کے مطابق میجر بابر نیازی شہید جن کی عمر 36 سال تھی گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میجر بابر نیازی کی نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی اور سول افسران، عوام اور سول انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر میانوالی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی دہشت گردی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی ار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں کی یہ لازوال قربانیاں دہشتگردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کے ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں:  جڑواں شہروں میں معمولات زندگی 4 روز بعد بحال