پی آئی اے نجکاری

پی آئی اے نجکاری :8کاروباری گروپس کا اظہار دلچسپی

ویب ڈیسک: پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن(پی آئی اے)کی نجکاری میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ،مختلف ایئرلائنز سمیت 8بڑے کاروباری گروپس کی جانب سے دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے درخواستیں جمع کرادی گئی ہیں۔
پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے کے خواہاں فلائی جناح، ائیر بلیولمیٹڈ اور عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ سمیت 8اہم کاروباری گروپس نے اظہار دلچسپی کی درخواستیں جمع کروا دی ہیں اور نجکاری کمیشن کے تقاضوں کے تحت اداروں نے اسٹیٹمنٹ آف کوآلیفیکیشن بھی جمع کروا دی ہے۔
وفاقی وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور8 اہم کاروبار ی گروپس کی جانب اظہار دلچسپی آچکی ہے اور اسٹیٹمنٹ آف کوآلیفیکیشن جمع کروا دیا ہے۔
ان کہنا تھا کہ پی آئی اے کے لیے فلائی جناح، ائیر بلیولمیٹڈ اور عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ نے پیش کش کی ہے، اس کے علاوہ سردار اشرف ڈی بلوچ، شونکسی چائنہ سی آئی جی لمیٹڈ اور جیریز انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ بھی شامل ہیں۔
وزیر نجکاری و سرمایہ کا کہنا تھا کہ یونس برادرز ہولڈنگز کنسورشیم اور پاک ایتھنول کنسورشیم کا بھی اظہار دلچسپی شامل ہے، پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم نے بھی دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان 8 اداروں نے مقررہ وقت کے اندر اپنی اہلیت کا بیان اور دلچسپی کا اظہار جمع کروا دیا ہے، نجکاری کمیشن پی سی آرڈیننس 2000کے قواعد و ضوابط کے مطابق پری کوالیفیکیشن کا عمل انجام دیگا۔
پی آئی اے کی نجکاری کی پیش کش کے لیے 17مئی کی سہ پہر 4بجے تک توسیع کی گئی تھی اور اب پرائیویٹائزیشن کمیشن اہل اور پری کوالیفائیڈ اداروں کو بولی کے عمل کے اگلے مرحلے کے لیے مدعو کرے گا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم شہباز شریف کی امریکہ میں بل گیٹس سے ملاقات