کسی ضلع میں لوڈ شیڈنگ دورانیہ 12 گھنٹے سے زیادہ نہ ہو،وزیراعلیٰ کی ہدایت جاری

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوسکا، شہری بلبلا اٹھے، اس پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ڈی سیز کو ہدایت کی کہ لوڈشیڈنگ اوقات کی مانیٹرنگ کریں، کسی بھِی ضلع میں لوڈ شیڈنگ دورانیہ 12 گھنٹے سے زیادہ نہ ہو۔
ویب ڈیسک: پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوسکا، 22 گھنٹے تک بجلی بندش سے شہری بلبلا اٹھے۔
شہری علاقوں میں15 تا 18 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 22 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ اس قدر طویل اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ سے نہ صرف کاروباری نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے بلکہ شہری شدید کرب کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے صوبے میں بجلی لوڈشیڈنگ کے واقعات پر نوٹس لیتے ہوئے صوبائی محکمہ داخلہ نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ دیا۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے خط میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر 22 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جو انتہائِی ظالمانہ اقدام ہے۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ بعض اضلاع میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج بھی ہو رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو پیسکو حکام سے میٹنگ کی ہدایات دی ہیں۔
خط میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ لوڈشیڈنگ کے اوقات کی مانیٹرنگ کریں، کسی بھی ضلع میں لوڈ شیڈنگ دورانیہ 12 گھنٹے سے زیادہ نہ ہو۔

مزید پڑھیں:  منی پور فسادات میں مودی سرکاری کا غیر سنجیدہ رویہ کارفرما