سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات ادا، وزیراعظم اور آرمی چیف کی شرکت

ویب ڈیسک: گزشتہ روز بارودی مواد کے دھماکے میں شہید ہونے والے سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات سینٹ پال چرچ راولپنڈی میں ادا کر دی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ سول و فوجی افسران، فوجیوں، شہریوں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے ملکی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار، خدمات اور قربانیوں کو سراہا، وزیراعظم ، آرمی چیف نے سپاہی ہارون ولیم، سپاہی انوش رفون اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف
سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات کی ادائیگی کے موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج مربوط یونٹ ہے، جو ملکی دفاع کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں مسیحی بھائیوں نے اپنے خون سے تاریخ لکھی، مسیحی برادری و دیگر اقلیتوں نےملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا، تعلیمی میدان میں مسیحی برادری کی بہت سی کاوشیں ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ان شہداء کا اتحاد اور بہادری قوم کی طاقت کی مثال ہے، قوم مادر وطن کی عزت کیلئے ان کی خدمات اور قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی ہارون ولیم کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ راولپنڈی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کرم کے علاقے سدہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:  درباری وزراء کے چیلنج کے باوجود قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے