نواز شریف

دہشتگردی خاتمے کے لیے مسلح افواج کی حمایت کی جانی چاہئے،نواز شریف

ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہئے۔
سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدم استحکام پیدا کرنے اور بیرون ملک پاکستان کا نام بدنام کرنے والے عناصر کو جمہوریت میں کوئی دلچسپی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سات سال پہلے پاکستان نے جن مسائل پر قابو پا لیا تھا آج پھر سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں لیکن انشااللہ مخلص اور محنتی قیادت اِن مشکلات پر قابو پا لے گی۔
نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے اور ملک کے باہر پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کو نہ جمہوریت سے کوئی دلچسپی ہے نہ عوام کے مسائل سے۔ یہ لوگ کسی بھی محاذ پر پاکستان کی کمزوری یا ناکامی کو اپنی سیاسی کامیابی خیال کرتے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے نجات حاصل کر لی گئی تھی لیکن 2018 میں ملکی تباہی و بربادی اور ہر شعبے میں زوال کا جو سلسلہ شروع ہوا اس نے عوام کے لیے سنگین مسائل پیدا کر دیے جن پر قابو پانے کے لیے بہت وقت درکار ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہیے کیونکہ امن و امان کا گہرا تعلق سرمایہ کاری اور ترقی و خوشحالی سے ہے۔

مزید پڑھیں:  بورس جانسن نے نیتن یاہو پر جاسوسی کا الزام لگا دیا