دہشت گردوں کی سہولت کار

خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی ہوئی ہے،بلاول

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت 15برس سے دہشت گردوں کی سہولت کار بنی ہوئی ہے۔
گورنر ہائوس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ، دورہ افغانستان سے مسائل حل ہوتے ہیں نہ چائے کا کپ پینے سے، افغانستان اور پاکستان کے مسائل کا حل نکالنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ِصوبہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے بڑے مسائل ہیں یہاں بڑی قربانیوں سے امن قائم ہو اتھا، ہم نے عوامی سپورٹ اور فورسز کی بہادری سے دہشت گردوں کو شکست دی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے بلوچستان تک دہشت گردتنظیمیں سراٹھا رہی ہیں، ہم وزیراعظم کی اے پی سی میں اپنے موقف کے ساتھ شرکت کریں گے ہم مل کر مسائل کا مقابلہ کریں گے ہم ہمیشہ عوام کے ساتھ اور فوج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ،گالم گلوچ کی سیاست پریقین نہیں رکھتے خیبرپختونخوا میں گالم گلوچ کی سیاست ہے نفرت اور انائوں کی سیاست ہے پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا میں تنظیم نو کرنا چاہتی ہے ہم صوبے میں نفرت کی سیاست کا مقابلہ مثبت سیاست سے کریں گے۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے ووٹوں کی وجہ سے یہ حکومت کھڑی ہے ہم سے بجٹ سے پہلے بات ہونی چاہیے تھی، وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے ہمارے تحفظات اور ایشوز حل کریں گے، اگلے بجٹ میں پیپلز پارٹی سے پہلے مشاورت کی جائے گی۔
افغانستان کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اتنے ممالک اور فوج کو افغانستان میں شکست ہوئی، دورہ افغانستان سے مسائل حل نہیں ہوتے نہ چائے کا کپ پینے سے، میں نے بطور وزیر خارجہ اپنا کردارادا کیا ۔
چین، پاکستان اور افغانستان کے مذاکرات کرائے تھے، افغانستان اور پاکستان کے مسائل کا حل نکالنا چاہیے افغانستان کے سارے مسائل ان کے کنٹرول میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سوا کون دہشت گردی کے بارے میں پوچھتا ہے؟ ہمارے مطالبے پر جنرل باجوہ اور فیض حمید نے پارلیمان کو بریفنگ دی تھی، اے پی سی کے منتظرہیں تاکہ حقائق کی بنیاد پر اپنا موقف سامنے رکھیں، ہم حکومت کے ہر فیصلے پر نہ تو تنقید کرتے ہیں نہ تعریف۔
قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری پشاور پہنچے تو گورنر خیبر پختونخوا نے ان کا استقبال کیا۔
بعدازاں انہوں ارکان اسمبلی، پشاور پریس کلب کی کابینہ، اور مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں،انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ پریس کلب کا دورہ کروں۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور کو پکڑنے کیلئے ناکہ بندی کی گئی ہے،محسن نقوی