یوکرین کے شہری علاقوں

یوکرین کے شہری علاقوں پر روس کا حملہ، 36 افراد ہلاک، 140 زخمی

یوکرین کے شہری علاقوں پر روس نے میزائل برسا دیئے جس سے 36 افراد ہلاک جبکہ 140 زخمی ہو گئے۔ چلڈرن ہاسپٹل بھی بری طرح متاثر ہوا۔
ویب ڈیسک: یوکرین کے شہری علاقوں پر روس کا میزائل سے حملہ انتہائی خطرناک رہا جس میں 36 افراد ہلاک اور 140 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین پر تازہ میزائل حملوں میں کیف میں ایک بچوں کا ہسپتال بری طرح متاثر ہوا ہے۔
یوکرین کے حکام کا اس حملے کے حوالے سے کہنا ہے کہ ہسپتال پر حملے میں 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
یوکرین میں میزائل حملہ سے تباہ ہونے والے چلڈرن ہسپتال کی ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ہسپتال کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے جبکہ دوسرے حصے میں آگ لگ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس آگ لگنے کے واقعے سے بچے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ، آگ کے شعلوں سے اٹھتا دھواں سانس کی بیماریوں کا موجب بن رہا ہے۔
یوکرینی صدر زیلنسکی کے چیف آف سٹاف کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرین کے شہری علاقوں پر کیے گئے میزائل حملوں میں مجموعی طور پر 36 افراد ہلاک اور 140 زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب روس نے ہسپتال کو نشانہ بنانے کی تردید کر دی اور اس حوالے سے جاری ہونیوالی تمام رپورٹس کو من گھڑت قرار دیدیا۔
روسی حملوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکا اور یورپی ممالک کی درخواست پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

مزید پڑھیں:  تھانہ آئی نائن میں علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار