مون سون بارشوں کاآغاز

مون سون بارشوں کاآغاز، مرجھائے چہرے کھل اٹھے،پانی سڑکوں پرامڈ آیا

ویب ڈیسک: صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کاآغاز ہو گیا جس کے ساتھ ہی گرمی کے ستائے چہرے کھل اٹھے، صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں کہیں تیز بارش اور کہیں رم جھم سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ اس کے ساتھ ہی نہروں اور دریاوں میں طغیانی کے بھی واقعات نوٹ کئے جانے لگے ہیں۔
صوبائِی دارالحکومت پشاور سمیت ایبٹ آباد، مالاکنڈ، بٹ گرام اور ہری پور اور صوابی وغیرہ میں موسلا دھاربارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ جم کر بادل برسنے کی وجہ سے جہاں موسم خوشگوار ہو گیا وہیں ندی نالے بھی ابل پڑے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق آج بحیرہ عرب سےمون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی، کل سے 15جولائی کےدوران خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں جبکہ 12 سے 14 جولائی کے دوران بلوچستان میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔
مون سون بارشوں کاآغاز ہوتے ہی ہری پور شہر اور گردونواح میں بھی موسم خوشگوار ہو گیا۔ موسلا دھار بارش کے باعث شہر اور دوردراز دیہاتوں میں دریاوں میں طغیانی واقعات نوٹ کئے جانے لگے ہیں۔ تربیلہ اور خانپور ڈیموں کا لیول بڑھ گیا۔
موسلادھار بارشوں نے ضلعی انتظامیہ کی قلعی کھول کر رکھ دی، اندرون شہر نکاسی اب کے نالوں کا پانی سڑکوں پر آگیا ۔
بارش کے باعث تحصیل خانپور کا ہری پور شہرسے رابطہ منقطع ہوگیا کیونکہ بارش سے خانپور روڈ ریلوے سٹیشن کے پاس بڑی آبی گزرگاہ گزشتہ کئِی گھنٹوں سے بند ہے۔
سڑک بندش سے خانپور روڈ پر دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے سینکڑوں دیہاتوں کا ہری پورشہرسے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ہری پور میں مون سون بارش کا آغاز ہوتے ہی ندی و نہروں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہربھرکی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ایک زخمی