پشاور میں آپریشن

پشاور میں فورسز کا آپریشن:3دہشتگرد ہلاک، 4جوان شہید

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقے حسن خیل میں فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3دہشت گردہلاک کردیئے فائرنگ کے تبادلے میں4جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا۔
حکومت کی جانب سے مارے جانے والے دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر تھی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں صوابی کا 24 سالہ سپاہی محمد ادریس، کوہاٹ کا 34 سالہ سپاہی بادام گل، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ، اے ایس آئی محمد اکرم بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ پر 26 مئی کو حملے میں ملوث تھا، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور استحکام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔
واضح رہے پشاور کے نواحی علاقے متنی میں ہونے والے اس آپریشن سے قبل بھی صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے تاکہ جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کیا جا سکے ، ان آپریشنز میں سماج دشمن عناصر مارے جا چکے ہیں جبکہ ان میں کئی ایک گرفتار بھی کئے گئے.

مزید پڑھیں:  نوازشریف کے پلیٹ لیٹس گررہے ہیں، جلد لندن بھاگ جائیں گے، عمر ایوب