مہنگائی میں مزید اضافہ

مہنگائی میں مزید اضافہ، 23اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں

ویب ڈیسک: ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہو گیا جس کے نتیجے میں رواں ہفتے روزمرہ استعمال کی 23اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں ۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.11 فیصداضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح کم ہوکر23.33 فیصد ہوگئی ہے۔
حالیہ ہفتہ میں روزمرہ استعمال کی 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 6 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 22اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اعدادوشمار کے مطابق پاڈر دودھ کی قیمت میں 6.07فیصد،چکن 16.34 فیصد، تازہ کھلا دودھ 1.37فیصد، دال چنا 3.47 فیصد ، دال مونگ کی قیمت میں 1.02 فیصد اور دال مسور کی قیمتوں میں 1.23فیصداضافہ ہوا۔
دوسری جانب آلوکی قیمت میں 0.86 فیصد، پیاز1.55 فیصد، ٹماٹر19.47 فیصد،انڈے 0.61 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.61فیصد کمی ہوئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.17 فیصد کمی کے ساتھ16.17 فیصد، اور 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے 0.08 فیصد کمی کے ساتھ 20.10 فیصد رہی۔
اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.02 فیصد اضافے کے ساتھ 25.93 فیصد اور 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے0.099 فیصداضافے کے ساتھ 23.50فیصد رہی۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی احتجاج، ریڈزون کی سکیورٹی رینجرزکے حوالے کرنے کا فیصلہ