ڈونلڈ ٹرمپ زخمی

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قاتلانہ حملے میں زخمی،حملہ آوربھی مارا گیا

ویب ڈیسک: امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے جبکہ جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیاہے ۔
سابق امریکی امریکی ریاست پنسلوانیا کے علاقے بٹلر میں انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے کہ اچانک فائرنگ کی زور دار آوازوں کے ساتھ ہی ریلی میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔
ٹرمپ تقریر کے دوران گولیاں چلتے ہی نیچے جھک گئے چند ہی لمحے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کھڑے ہوئے، اپنا مکا ہوا میں لہرایا ، اس وقت ان کے دائیں کان پر خون کے نشانات دکھائی دے رہے تھے۔
سابق امریکی صدر کو سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے فوری طور پر اپنے حصار میں لے لیا اور محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
کانٹی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے، خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
واقعہ کے بعد ریلی فوری طور پر ختم کردی گئی،کانٹی پراسیکیوٹر کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ کو ایک گولی لگی تھی۔
سابق صدر اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں، ان کے چہرے اور دائیں کان پر خون دیکھا گیا ہے۔
ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں اور ایک مقامی طبی مرکز میں ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان اسٹیون چیونگ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے اس گھناؤنے واقعے کے دوران فوری کارروائی کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور امدادی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ایک فعال تحقیقات جاری ہیں اور دستیاب ہونے پر مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن، جو اپنی آبائی ریاست ڈیلاویئر میں ہیں انہیں اس واقعہ کی ابتدائی بریفنگ دے دی گئی ہے۔
امریکی سیکرٹ سروس کا بھی کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ ہیں اور ان کے حفاظتی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں۔
واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور جیسے ہی معلومات حاصل ہوں گی، عوام کو ان سےآگاہ کیا جائیگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گولی میرے دائیں کان کے اوپر کے حصے میں لگی، مجھے فوری طور پر لگا کہ کچھ ہوا ہے تاہم جب بہت زیادہ خون بہا تب مجھے پتا چلا کہ کیا ہوا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ ناقابل یقین ہے کہ ہمارے ملک میں ایسی حرکت ہو سکتی ہے، گولی چلانے والے کے بارے میں اس وقت کچھ معلوم نہیں۔
سابق صدر ٹرمپ نے قانون نافذ کرنیوالوں کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے گھنائونے عمل کے دوران فوری طور پر حفاظتی اقدام کیا۔

مزید پڑھیں:  پشاور :خیبرپختونخوا ہیلتھ ورکرز کا احتجاج کامیاب مذاکرات کے بعد ختم