نوشہرہ میں صحافی قتل

نوشہرہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی قتل

ویب ڈیسک: نوشہرہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے صحافی حسن زیب کو قتل کردیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ نوشہرہ کے علاقہ اکبرپورہ کی حدود میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے روزنامہ’ آج ‘کے جنرل رپورٹر حسن زیب کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔
حملہ آور صحافی کو قتل کرنے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پبی ہسپتال منتقل کردیا جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں شروع کردی گئیں ۔
دوسری جانب خیبر یونین آف جرنلسٹس نے اکبرپورہ میں روزنامہ آج کے رپورٹر حسن زیب کے قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعہ کا نوٹس اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔
اپنے بیان میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین،جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی اور کابینہ کے دیگر اراکین نے اکبرپورہ میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق صحافی حسن زیب کے قتل کی شدید مذمت کی اور کہا ہے کہ حالیہ دو ماہ میں خیبرپختونخوا میں صحافی کے قتل کا تیسرا واقعہ رونما ہوچکا ہے ۔
خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین اور کابینہ کے دیگر اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور آئی جی خیبرپختونخوا کا واقعہ کا نوٹس لینے اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ قاتلوں کی عدم گرفتاری کی صورت میں خیبر یونین آف جرنلسٹس بھر پور احتجاج کرے گی ۔

مزید پڑھیں:  جنوبی وزیرستان میں سپورٹس فیسٹیول کا آغاز، اہالیان علاقہ کی شرکت