حکومت کا ہر فورم پر مقابلہ

حکومت کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے، پی ٹی آئی

حکومت کی جانب سے پابندی کی پریس کانفرنس کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماوں کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے حکومتی پریس کانفرنس مضحکہ خیز قرار دیدی۔ پیپلزپارٹی کیلئے وقت ہے کہ وہ خود کو بھٹو کی پارٹی ثابت کرے۔
ویب ڈیسک: حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماوں شبلی فراز، اسد قیصر، بیرسٹر علی ظفر اور سلمان اکرم راجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔
سینیٹر شبلی فراز نے حکومتی پریس کانفرنس مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو روکنے کا اور کوئی طریقہ کامیاب نہ ہوا تو پابندی کی باتیں کی جانے لگی ہیں، یہ بھِی کر کے دیکھ لیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کیلئَے یہی وقت ہے کہ وہ خود کو بھٹو کی پارٹی ثابت کرے۔ ان نااہلوں کو اپنی باتوں کے نتائج کا علم نہیں، کور کمیٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد حکومت کو باضابطہ جواب دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی سپریم کورٹ سمیت کوئی عدالت تسلیم نہیں کرے گی۔ مجھے لگتا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کو نشستیں واپس ملیں گی مگر پی ٹی آئی کو نشستیں واپس دے کر سپریم کورٹ نے سرپرائز دیا۔
ان کاکہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی اب چند دنوں کی بات ہے ، نظر ثانی درخواست دائر کرنا حکومت کا حق ہے لیکن فیصلہ پر عمل ہر صورت ہوگا۔ پی ٹی آئی چھوڑ کر جانیوالوں کی سیاست ختم ہو جائیگی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس پابندی لگانے کی کوئی آپشن نہیں ہے، پابندی لگانا آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہوگی اور دہشتگرد پارٹی پر بھی پابندی کیلئے سپریم کورٹ جانا پڑتا ہے، یہ کس آئین اور کس قانون کے تحت آرٹیکل 6 لگا رہے ہیں؟
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ ہم انہیں عوامی اور عدالتی سمیت ہر سطح پر دیکھ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹے، ہم پارلیمان میں بیٹھے ہیں، کمیٹی میں ہیں، ہر سطح پر بات ہورہی ہے، بیک ڈور بات چیت کے حوالے سے میں کچھ نہیں کہہ سکتا یہ تو فرنٹ ڈور سے ہمارے ساتھ یہ کر رہے ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کیخلاف ہر حربہ استعمال کرلیا۔ اب یہ حواس باختہ ہو چکے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کےبعد ان کے پاؤں سے زمین نکل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، حکومت کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔

مزید پڑھیں:  حزب اللہ کی اسرائیلی فوجی پر کاری ضرب، اہلکار ہلاک، 3 ٹینک تباہ