آفتاب شیرپاؤ

پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ غیر سیاسی اورغیر جمہوری ہے ،آفتاب شیرپاؤ

ویب ڈیسک: قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے حکومتی فیصلہ غیر سیاسی اورغیر جمہوری ہے ۔
پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ ملک نازک حالات سے گزر رہا ہے جسے معاشی و اقتصادی مسائل سمیت امن و امان کی بد ترین صورتحال کاسامنا ہے ۔
موجودہ حالات میں اس قسم کے فیصلے سے ملک میں سیاسی افراتفری پھیلے گی جو ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہوگاکیونکہ جلد بازی میں کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج نہیں نکلتے۔
آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفت سیاسی میدان تک محدود رہنا چاہیے اور کسی ایک سیاسی جماعت کو دیوار کے ساتھ لگانے کے منفی نتائج برآمد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلے کے نتیجے میں ملک کی پہلے سے آبرآلود سیاسی و معاشی فضامزید خراب ہونے کا قوی خدشہ موجود ہے۔
آفتاب احمد خان شیرپاؤنے حکمرانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات پر اپنی توانائیاں صرف کرنے کی بجائے ملک کی معاشی بحران،امن و امان کی صورتحال،عوامی مسائل و مشکلات کے حل اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی وطن پارٹی کی نظر میں اس قسم کے اقدامات سے ملک نہ صرف سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا بلکہ اس کی معاشی صورتحال مزید گھمبیر ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔

مزید پڑھیں:  توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی کارروائی موخر