طاقتور حلقوں کی مداخلت

سیاست میں طاقتور حلقوں کی مداخلت ملک کیلئے نقصان دہ ہے،فضل الرحمن

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سیاست میں طاقتور حلقوں کی مداخلت ملک کے لئے نقصان دہ ہے ۔
جے یو آئی کی صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں عدم استحکام کی بڑی وجہ عسکری اداروں کی مداخلت ہے،طاقتور حلقے سمجھ جائیں کہ سیاست میں ان کی مداخلت ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہناتھا کہ ملک میں عدم استحکام کی بڑی وجہ عسکری اداروں کی مداخلت ہے، 2018 اور 2024 کے انتخابات کے نتائج نے اداروں کی سرعام مداخلت کا پول کھول دیا۔
سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ عزم استحکام آپریشن سے ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں بے چینی میں اضافہ ہوگا۔
جے یو آئی کی صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ملکی کی مجموعی صورتحال پر غوروخوض اور اہم فیصلے کیے گئے اور کمر توڑ مہنگائی، امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور دیگر امور پر لائحہ عمل کی تیاری پر بات کی گئی۔
اجلاس میں 10اگست کو مردان میں کسان کنونشن، 11اگست کو پشاور میں تاجران کنونشن جبکہ 18اگست کو لکی مروت میں امن جرگہ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  ایران پر اسرائیل کی جانب سے بڑے حملے کا امکان