اسفند یار ولی

پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ غیر منطقی ہے، اسفند یار ولی

ویب ڈیسک: عوامی نیشنل پارٹی کے رہبر اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ غیر منطقی اورسمجھ سے بالاتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جذبات پر مبنی فیصلوں کے نتائج کسی بھی صورت سود مند نہیں ہوتے۔
حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم اس قسم کے جذباتی فیصلوں کے خراب نتائج دیکھ چکے ہیں، ماضی کے ان غلط فیصلوں کے اثرات آج تک سیاست پر نمایاں ہیں۔
اسفند یار ولی نے کہا کہ اصل احتساب ان کا ہونا چاہئے جو مصنوعی سیاسی قوتوں کو بنانے کے ذمہ دار ہیں، سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال ہونے کی روش بند کرنا ہوگی۔
انکا کہنا تھا کہ سیاست میں ذاتی خواہشات اور جذبات پر قابو پانا اصل امتحان ہوتا ہے، جمہوریت اور سیاسی عمل کی مضبوطی کیلئے غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔
اسفندیار ولی نے مزید کہا کہ نیشنل عوامی پارٹی پر پابندی کی صورت میں ہم ان فیصلوں کا سامنا کرچکے ہیں، حکومت کا فیصلہ غیر جمہوری اور غیر سیاسی رویوں کو پروان چڑھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسائل سے نکلنا ہے تو جمہوری اصولوں پر کھڑے ہوکر پارلیمان کو بالادست بنانا ہوگا۔
تمام ادارے آئینی دائرہ اختیار تک محدود ہونگے تو مسائل کا حل ممکن ہے، جب تک ہم غیر سیاسی کھیل کا حصہ رہیں گے ملک میں جمہوریت مفلوج رہے گی۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کے1 قومی اور دو صوبائی حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد