شہادت کی یاد تازہ

یوم عاشورہ حضرت امام حسین کی شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے،صدر مملکت

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف زرداری نے یوم ِعاشورہ پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یوم عاشورہ حضرت امام حسین کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین اور ان کے وفادار ساتھی ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ گئے ، حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے احیا ، امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی شہادت میں امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ امام نے شدید دبائو ، مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا،امام حسین نے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے ، آزمائشوں میں ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا، امام حسین اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے دین کی خاطر جان اور اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے آگے سر نہ جھکایا، آج اسلام اور انکے ساتھیوں کی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے ۔
صدر مملکت نے کہاکہ آج کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے، فلسطینی اور کشمیری عوام کی جدوجہد ان کے پائیدار عزم و استقلال اور جذبے کا ثبوت ہے ، واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے، ظلم وجبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیخلاف آج سماعت ہوگی