الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگنا

مخصوص نشستیں نہ ملیں تو الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، عمران خان

ن لیگ اور پی پی فارم 47 کی پیداوار ہیںم عدم اعتماد سمیت کسی مسئلہ پر پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی، عدالتی فیصلہ کے باوجود مخصوص نشستیں نہ ملیں تو الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان
ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ ہمارے اسمبلیاں توڑنے پر سپریم کورٹ نے آرٹیکل 6 لگانے کی بات نہیں کی تھی بلکہ عدالت نے کہا تھا کہ الیکشن ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگناچاہیے، سپریم کورٹ کے فیصلہ کے باوجود اگر الیکشن کمیشن سے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں نہ ملیں تو الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کہتی ہے کہ ججز ٹھیک نہیں، ججز تب ٹھیک تھے جب ان کے کیسز ختم کئے گئے؟ ایلیٹ نے ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیے ملک داؤ پر لگا دیا۔ کس حیثیت میں صدر ہاؤس کا بجٹ 88 کروڑ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے موجودہ حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ، موجودہ حکمران اپنے اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں اور عوام سے قربانی مانگتے ہیں، یہ سراسر زیادتی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی جمہوریت کا قتل ہے، ہماری پارٹی کو الیکشن لڑنے نہیں دیا گیا، پارٹی چیئرمین، وائس چیئرمین اور صدر قید تھے اور پھر بھی ان کا بیانیہ پارٹی پر پابندی لگانا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مخصوص ایلیٹ طبقہ 60 سال سے ملک پر قابض ہے، اس طبقہ نے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ملک کو داؤ پر لگا دیا اور یہی ایلیٹ طبقہ ملک میں شفاف انتخابات نہیں چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ بنوں واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، اس سے حالات مزید خراب ہوں گے، میرا مطالبہ ہے کہ اس واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ تب تک نہیں جیتی جا سکتی جب تک قوم ساتھ نہ ہو۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا سے ملاقات میں کہوں گا کہ بنوں واقعہ پر سخت موقف اختیار کرے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے ہی مارشل لاء کا نفاذ ہے ایس آئی ایف سی کیا ہے؟ حکومت کسی اور کے کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ فارم 47 کی پیداوار ہیں، تحریک عدم اعتماد سمیت کسی بھی مسئلہ پر پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فچ رپورٹ بھی منظر عام پر آئی ہے لیکن مجھے علم ہے حکومت انتخابات کی جانب نہیں جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں 9 مئی ہم نے کیا جبکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے تو کمیشن کیوں نہیں بنا؟
سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کو اسمبلی توڑنے کے اقدام کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ ڈونلڈلو کے بیان پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔

مزید پڑھیں:  بل گیٹس پہلی بار دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر