تحریک انصاف خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل

تحریک انصاف خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے پر آمادہ ہے، مولانا کا دعویٰ

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ شفاف الیکشن کیلئے تحریک انصاف اسمبلیوں سے استعفوں سمیت تحریک انصاف خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے پر آمادہ ہے۔
مولانا نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کی سربراہی کامران مرتضیٰ کرینگے جبکہ اس میں مولانا لطف الرحمان، فضل غفور، اسلم غوری اور مولانا امجد بھی شامل ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کمیٹی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرے گی، دیگر سیاسی جماعتوں سے اختلاف رائے ہے تاہم پی ٹی آئی سے تعلقات معمول پر لائے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن کیلئے تحریک انصاف نے اسمبلیوں سے استعفوں پرآمادہ آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ اس مقصد کیلئے تحریک انصاف خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے پر بھی آمادہ ہے۔
انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے کہا تھا کہ حکومت نہ لے، دونوں کو حکومت کی ذمہ داری راس نہیں آرہی، شفاف انتخابات کے بغیر ملک میں امن آئے گا نہ معاشی استحکام۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مقابلہ میدان میں ہے، سیاسی سہولت بطور سیاست دان جو مجھے حاصل ہو وہ سب کو ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام لازمی ہے، اس کے بغیر ملک نہیں بڑھ سکتا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے فعال 390کیسز میں صرف 21 ہسپتال میں زیرعلاج