شہید فلسطینیوں کی تعداد

غزہ جنگ :شہید فلسطینیوں کی تعداد41ہزار سے بڑھ گئی

ویب ڈیسک: غزہ میں گزشتہ11ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 41ہزار سے بڑھ گئی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق غزہ سمیت دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی جارحیت کو 11ماہ مکمل ہو چکے مگر امریکا اور اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی قوتیں صیہونی ریاست کو حملے روکنے پر مجبور نہ کر سکیں۔
11ماہ سے جاری جنگ کے نتیجے میں اسرائیلی فوج اب تک 41ہزار فلسطینیوں کو شہید اور ایک لاکھ کے قریب فلسطینیوں کو زخمی کر چکی ہے، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 90 فیصد سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا سمیت تمام طاقتور ممالک اور عالمی ادارے 11 ماہ بعد بھی غزہ میں اسرائیلی حملے رکوانے میں ناکام ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں کارروائی کرتے ہوئے حماس کے مزید 2 کمانڈر شہید کردیے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں فائر بریگیڈ کے عملے پر ڈرون حملہ کرکے 2 اہلکار شہید اور 3 شدید زخمی کردیا جبکہ لبنان سے حزب اللہ نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے شمالی اسرائیل میں 2 ڈرون حملے کیے۔
اسی حوالے سے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنس کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی کی مزید جامع تجاویز کچھ دنوں میں پیش کریں گے۔

مزید پڑھیں:  افغانستان سے دہشتگردی:چین روس اور ایران کی پاکستان کے موقف کی تائید