ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد

پشاور سمیت خیبر پختونخوا بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد

ویب ڈیسک: پشاور سمیت خیبر پختونخوا بھر میں میڈیکل اورڈینٹل کالجزمیں داخلے کے لئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد کیا گیا ۔
ٹیسٹ کا انعقاد پشاور سمیت ، ایبٹ آباد، کوہاٹ، چکدرہ،مردان، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان کے 13امتحانی مراکز میں منعقد ہوا
ٹیسٹ میں 23339طلبا اور 18990طالبات جبکہ مجموعی طور پر 42329طلبا ء نے حصہ لیا ۔
سیکرٹری ہیلتھ، کمشنر پشاور،ڈی جی ہیلتھ،ایف آئی اے،آئی بی کے متعلقہ حکام نے وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق کے ہمراہ پشاورکے تمام امتحانی مراکزکا دورہ کیا۔
وی سی کے ایم یوپروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر کے ایم یو سٹاف،چیف سیکرٹری،ڈویژنل اور ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز،ٹریفک پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کاانعقاد ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج تھا جس کے کامیاب انعقاد پر ہم اللہ تعالی کے سامنے سربسجود ہیں ۔
پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ ، پولیس، ٹریفک پولیس،ایف آئی اے،آئی بی،سپیشل برانچ کے فول پروف انتظامات اور سیکورٹی پلان کے باعث امتحان انتہائی پرامن ماحول میںمنعقد ہوا۔
امتحانی پیپر بمع Key کے ایم یو کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں جس سے طلبا فراہم کردہ جوابی کاربن کاپی سے اپنے نتائج خود اخذ کرسکتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کے مطابق ٹیسٹ کے حتمی نتائج کا اعلان72گھنٹوں کے اندر کیا جائیگا جسے کے ایم یو کی آفیشل ویب سائیٹ پر دیکھا جاسکے گا۔

مزید پڑھیں:  امریکہ میں صدارتی انتخابات کیلئے قبل از وقت ووٹنگ شروع