معاشی بحالی سیاسی استحکام

معاشی بحالی سیاسی استحکام سے جڑی ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ معاشی بحالی سیاسی استحکام سے جڑی ہے اس لئے انتشاری سیاست مسترد کرکے عوام نے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے۔
ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ، جلسوں کے لئے میدان بھرنے کی کوشش کرنے کے بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی میں کمی، اپنے مسائل کا حل اور معاشی بہتری چاہتے ہیں؟جلسے 2028 میں کریں گے، ابھی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے محنت کرنے کا وقت ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ معاشی بحالی سیاسی استحکام سے جڑی ہے، سیاسی انتشار کا مطلب عوام کو ریلیف دینے کے عمل کو متاثر کرنا ہے، عوام نے سیاسی استحکام کی مضبوطی میں کردار ادا کرکے معاشی ترقی کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کے لئے قوم کا اتحاد پاکستان کے روشن معاشی مستقبل اور مہنگائی سے نجات کی ضمانت ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ معاشی چیلنج، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے قوم، سیاسی جماعتوں، اداروں اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، سیاسی افراتفری میں قوم اور ملک کا بہت وقت ضائع ہوچکا ہے، مزید وقت ضائع کرنا ملک وقوم کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق تمام صوبوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل، مہنگائی میں کمی، مساوی ترقی کے لئے بھرپور ساتھ دینے کی پالیسی پر کاربند رہے گا، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں واپس آئی ہے، معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں، برآمدات میں اضافہ، روپے کا مستحکم ہونا، ترسیلات میں اضافہ، شرح سود کا کم ہونا، یہ سب معاشی ترقی کے واضح ثبوت ہیں۔
وزیراعظم کا مزیدکہنا تھا کہ ہم سب کا اصل ہدف یہ ہونا چاہئے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، یہ ہوگی اصل کامیابی، گالی، گولی، انتشار اور فساد سے معیشت بہتر ہوگی نہ معاشرت، ہر صوبہ، ہر ادارہ عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم پر اتحادیوں کو آن بورڈ لینا چاہئے تھا، گورنر خیبرپختونخوا