سیاحت کے فروغ کیلئے امن

سیاحت کے فروغ کیلئے امن ناگزیر ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لئے امن و امان ناگزیر ہے۔
ورلڈ ٹوارزم ڈے کی مناسبت سے ٹوارزم ایکسلنسی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان خصوصا خیبر پختونخوا حسین قدرتی مناظر سے مالامال ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا بشمول ضم اضلاع میں سیاحت کے فروغ کے بڑے مواقع موجود ہیں، صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے تمام شعبوں کو بیک وقت فروغ دینے پر کام کر رہی ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو صوبے کی طرف راغب کیا جاسکتا ہے، سیاحت کو فروغ دے کر نہ صرف لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں بلکہ صوبے کو مالی طور پر خود کفیل بھی بنایا جاسکتا ہے، موجودہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کو فروغ دینے پر کام جاری ہے، صوبائی حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں رواں سال ایک کروڑ سے زائد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے صوبے کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے امن و امان ناگزیر ہے، فوج اور پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو امن کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ہم سب نے مل کر اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان دینا ہے، ہم نے ایک خود دار قوم بننا ہے جس کے لئے مالی طور پر خود کفیل ہونا ہوگا، صوبے کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کے لئے استعداد کے حامل شعبوں کو ترقی دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے رابطہ سڑکوں کی تعمیر، ریسٹ ایریاز کی تعمیر، ٹوارزم پولیس کا قیام ٹوارزم ہیلپ لائن کا قیام جیسے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنا اور انہیں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، اس مقصد کے لئے موجودہ صوبائی حکومت بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ نشترہال کی آمدن کا 100 فیصد مستحق فنکاروں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے سیاحت کے شعبے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں ایکسلنسی ایوارڈ تقسیم کئے۔

مزید پڑھیں:  ژوب میں پولیس گاڑی پرحملہ ، اے ایس آئی سمیت 3اہلکار شہید