قافلے راولپنڈی احتجاج کیلئے روانہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں قافلے راولپنڈی احتجاج کیلئے روانہ

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں قافلے راولپنڈی احتجاج کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ ہنگو، ہری پور، خال اور مالاکنڈ سمیت دیگر اضلاع سے بھی قابلے رواں ہو چکے ہیں، جن میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے روانگی سے قبل کارکنان کو اہم ہدایات دیتے ہوئے انہیں حساس مقامات پر جانے سے روکنے سمیت اپنے آس پاس مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
راولپنڈی میں دفعہ 144 کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دفعہ 804 لگ چکا ہے۔ انشاء اللہ آپ دیکھیں تماشا، ہوتا کیا ہے آگے۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں قافلے راولپنڈی جلسے کیلئے روانہ ہو گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے راولپنڈی میں ہونے والے احتجاج کے لیے 25 سے زیادہ ریسکیو گاڑیاں بشمول فائرویکلز، ایمبولنسز اور دیگر ریسکیو وسائل شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق 40 سے زیادہ ریسکیو 1122 کے اہلکار بھی ان گاڑیوں کے ساتھ موجود ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان ریسکیو گاڑیوں اور اہلکاروں کو ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کے مقصد کے تحت بھیجا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن راولپنڈی کے احتجاج میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں جلسے کے لیے دائر درخواست واپس لے لی تھی، جو لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں دائر کی گئی تھی۔
پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے 28 ستمبر کو ہونے والے جلسے کی منسوخی کی ہدایت کی تھی، یہ کہتے ہوئے کہ انتظامیہ اور عدالتوں نے انہیں اجازت نہیں دی۔
جب پی ٹی آئی نے لیاقت باغ میں احتجاج کا اعلان کیا تو پولیس نے اس علاقے کو سیل کر دیا۔
آج جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس معطل رہے گی، اور راولپنڈی کی حدود میں موبائل فون سگنلز بھی ڈاؤن کر دیے گئے ہیں۔ ادھر اسلام آباد ایکسپریس وے کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ پولیس کے دستے بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی نے آج لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی۔
اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا تھا کہ اگر ہمیں لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو ہم اسی جگہ پر احتجاج کریں گے۔
اسی احتجاج میں شرکت کرنے کیلئے خیبرپختونخوا سے وافلے رانہ ہو چکے ہیں، ہنگو سے قافلہ کی لیڈر شپ ایم این اے یوسف خان کر رہے ہیں، قافلہ براستہ کوہاٹ راولپنڈی جائیگا۔
انشاء اللہ یہ جلسہ عمران خان کی رہائی کا سبب بنے گا، اعظم خان
خال سے تحریک انصاف کا قافلہ ایم پی اے اعظم خان کی قیادت میں روانہ ہوا۔ تحصیل ناظم اور تحصیل صدر کے علاوہ سینکڑوں کارکنان بھی اس میں شریک ہیں۔
ایم پی اے اعظم خان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ یہ جلسہ عمران خان کی رہائی کا سبب بنے گا۔
خیبر پختونخوا کے وزیر لائیوسٹاک، فشریز و صدر پی ٹی آئی ملاکنڈ ریجن فضل حکیم خان یوسفزئی عمران خان کی کال پر لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقدہ جلسہ میں شرکت کیلئے کارکنوں کی قیادت کرتے ہوئے روانہ ہوئے۔
انشاء اللہ بہت جلد فارم 47 حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائے گی، فضل حکیم خان
سوات سے کارکنوں کا بڑا قافلہ فضل حکیم خان یوسفزئی کی قیادت میں چکدرہ انٹر چینج پہنچا جہاں پر ڈویژن بھر کے قافلے جمع ہوئے اور وہاں سے صوابی انٹر چینج کیلئے روانہ ہوگئے۔
مینگورہ میں کارکنوں کے ہمراہ روانگی سے قبل صوبائی وزیر و صدر پی ٹی آئی مالاکنڈ ریجن فضل حکیم خان ہوسفزئی نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور مراد سعید کو تحفظ دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی حقیقی آزادی کیلئے عوام میدان میں نکلے ہیں، انشاء اللہ بہت جلد فارم 47والی حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح مالاکنڈ ڈویژن سے بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کارکنان اور پی ٹی آئی و عمران خان سے محبت رکھنے والے عوام اس جلسے میں شرکت کرینگے۔
فضل حکیم خان نے کہا کہ پورے ملک کی طرح مالاکنڈ ڈویژن کی غیور عوام بھی اپنے ہر دلعزیز لیڈر قائد عمران خان کی جلد سے جلد اور بحفاظت رہائی، عدلیہ کی خود مختاری، حقیقی آزادی، ملک میں بدترین مہنگائی کے خاتمے اور فارم 47 کی جعلی حکومت کے خاتمے کے لئے بھرپور مہم کا حصہ بننے کے لئے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں قافلے راولپنڈی احتجاج کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ ہنگو، ہری پور، خال اور مالاکنڈ سمیت دیگر اضلاع سے بھی قابلے رواں ہو چکے ہیں، جن میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔

مزید پڑھیں:  تیاریاں مکمل، عوام کاٹھاٹھیں مارتا سمندر آج راولپنڈی سے ٹکرائے گا