اسلام آباد پر دھاوا بولنے نہیں

فوج طلب ، اسلام آباد پر دھاوا بولنے نہیں دیں گے: وزیرداخلہ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں فوج کو طلب کرلیاگیا ہے کسی صورت بھی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خبردار کردیا ہے کہ کل اسلام آباد پر دھاوا بولنے والوں سے کوئی نرمی نہیں برتیں گے اگر کوئی آئے تو پھر شکوہ نہ کرے ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم یہاں موجود ہیں پی ٹی آئی اپنا احتجاج ملتوی کرے، کسی ملک کا وزیراعظم آپ کے ملک میں ہو اور آپ کہیں ہم اسلام آباد پر دھاوا بولیں گے تو یہ ٹھیک نہیں ۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پختونخوا کو یہ زیب نہیں دیتا، اگر کل کوئی اسلام آباد میں احتجاج کرے گا تو ہم نے اس کے لیے پورا بندوبست کیا ہوا ہے ہم خبردار کررہے ہیں پھر کوئی شکوہ نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملائشیا کے وزیراعظم پاکستان میں ہیں ایس سی او بھی پاکستان میں ہورہی ہے، آپ کہیں ہم اسلام آباد پر دھاوا بولیں گے تو یہ ٹھیک نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشین وزیراعظم کے پروٹوکول میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے ہم اس طریقے سے کسی جلسے کی اجازت نہیں دیں گے،بھارتی وزیراعظم لاہور میں تھے اور ایک چھوٹا سا واقعہ ہوا اور وہ ابھی تک ہمیں خراب کرتا ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ کوئی ڈی چوک آنے کی بات کرے تو جو ہاتھ چڑھے گا اس کے ساتھ کوئی نرمی نہیں ہوگی ۔
انہوں نے کہ سعودی وفد پاکستان آرہا ہے ہم نے آرمی کو اسلام آباد میں تعینات کردیا ہے ہمیں ہر صورت سیکورٹی کو یقینی بنانا ہے، انہیں بطور پاکستانی یہ زیب نہیں دیتا ۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے درخواست کی ہے احتجاج کو موخر کردیں اگر موخر نہیں کریں گے تو پھر اسٹیٹ موجود ہے، سیاسی کارکن کل نکلنے سے پہلے دس دفعہ سوچیں بعد میں ہم سے شکوہ نہ کریں سترہ اکتوبر تک ہم نے اپنی حکمت عملی بنالی ہے۔

مزید پڑھیں:  سونا فی تولہ 2 لاکھ 75ہزار سے تجاوز کر گیا، 10 گرام گولڈ بھی مہنگا