چینی وزیراعظم کی 11سال بعد پاکستان

چینی وزیراعظم کی 11سال بعد پاکستان آمد، پرتپاک استقبال

ویب ڈیسک: 23ویں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے چینی وزیراعظم کی 11سال بعد پاکستان آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سمٹ کیلئے دیگر مہمانان کی آمد کا سلسلہ بھِی جاری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر چینی وزیراعظم کا استقبال کیا۔
چینی وزیراعظم کے استقبال کیلئے وزیراعظم کے ہمراہ نور خان ایئر بیس پر اسحاق ڈار، محسن نقوی، احسن اقبال اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی موجود تھے، معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سربراہی اجلاس کیلئے پاکستان کی تیاریاں مکمل ہیں۔
پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، اس حوالے سے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چینی وزیراعظم کی 11سال بعد پاکستان آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، چینی وزیراعظم لی چیانگ کی پاکستان آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، معیشت، تجارت، سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اس دوران تبادلہ خیال کیا جائَے گا۔ لی چیانگ صدر پاکستان آصف زرداری، پارلیمانی رہنماؤں اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت، روس، ایران، تاجکستان اور کرغزستان کے وفود بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے جبکہ میٹرو بس سروس آج 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی۔ اس اجلاس کیلئے اسلام آباد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے، ہر سو رنگ و نور کی برسات ہے، برقی قمقموں سے تمام شاہراہیں منور ہیں.

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کا احتجاج ملتوی کرنے کا فیصلہ عمران خان کی ملاقات سے مشروط