پاکستان کا 75واں جشن آزادی

پاکستان کا 75واں جشن آزادی، ملک بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار

ملک بھر میں 14اگست کا آغاز ہوتے ہی 75 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منانے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور فضا قومی نعروں اور ملی نغموں اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی
ویب ڈیسک: ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور شہر میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے سرکاری عمارتوں اور بازاروں خاص طور پر قلعہ بالا حصار، گھنٹہ گھر، اسلامیہ کالج سمیت دیگر تاریخی عمارتوں اور اندرون شہر کو خاص طور پر برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ گلیوں محلوں میں قومی پرچم اور جھنڈیاں لگائی گئیں ہیں۔
رات بارہ بجتے ہی نوجوان قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے سڑکوں پر نکل آئے جبکہ پشاور میں قلعہ بالا حصار سمیت دیگر مقامات کے علاوہ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی اور ملک کے دیگر شہروں میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان پر رنگوں کی بہار بکھر گئی۔
یوم آزادی کے موقع پر بچے، بڑے، بوڑھے، جوان، خواتین سب ہی وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کسی نہ کسی صورت کررہے ہیں۔
نماز فجر کے بعد دن کے آغاز پر ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی جبکہ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوگی۔

مزید پڑھیں:  عدالتی معاملات میں مداخلت کے خط پر سپریم کورٹ فل کورٹ میٹنگ طلب