سی این جی بندش

سی این جی بندش کے خلاف ٹرانسپورٹرز کی احتجاجی ریلی

ویب ڈیسک :پشاور کے ٹرانسپورٹرز نے ایک ماہ کے لئے سی این جی بندش کے حکومتی فیصلہ کے خلاف جنرل بس سٹینڈ سے صوبائی اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی جس میں کثیر تعداد میں ٹرانسپورٹرز نے شرکت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سی این جی سٹیشنز فوری کھولنے کے احکامات جاری کئے جائیں بصورت دیگر پیر کو پورے صوبے میں پہیہ جام ہڑتال کردیں گے ۔ اس موقع پر اسمبلی چوک میں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔ مظاہرین نے سی این جی بندش پر صوبائی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کی قیادت پبلک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر خان زمان آفریدی اور دیگر عہدیداروں نے کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ سی این جی کی بندش سے ہمارا کاروبار بند ہوگیا ہے۔ صوبے میں پیدا ہونے والی گیس ہم پر بند کرنا ظلم اور نا انصافی ہے۔ پیٹرول بھی مہنگا ہے جس سے کرایوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔ کرایوں میں اضافہ سے سارا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے جبکہ کرایہ نہ بڑھائے تو کوئی بچت نہیں۔ کرایہ بڑھا دیں تو پولیس جرمانہ کرتی ہے انہوںنے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں حکومت نے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سی این جی سٹیشنز کھولنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائے اور پبلک ٹرانسپورٹ سے جڑے لوگوں کی ذریعہ معاش بحال کرے بصورت دیگر پیر کو پورے صوبے میں پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔

مزید پڑھیں:  افغان قونصلیٹ کے عہدیداروں نے سفارتی اصولوں کی دھجیاں اڑا دیں