پی پی اور الیکشن کمیشن

پی پی اور الیکشن کمیشن نے ملکر کارروائی ڈالی، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پی پی اور الیکشن کمیشن نے مل کر کارروائی ڈالی ہے، جماعت اسلامی نے کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر آج سے شہر بھر میں احتجاج اور دھرنوں کا عندیہ دے دیا۔
ویب ڈیسک: ادارہ نور حق میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی نے تاریخی کم بیک کیا، شہریوں نے اپنی سیاسی وابستگیوں کو چھوڑ کر جماعت اسلامی کو منتخب کیا، الیکشن کمیشن جان بوجھ کر معاملات خراب کررہا ہے، ہمیں ہروا کر پی پی کو جتوایا گیا، الیکشن کمیشن کی ناک کے نیچے آر اوز نے نتائج تبدیل کیے، پی پی اور الیکشن کمیشن نے ملکر کارروائی کی.
حافظ نعیم نے کہا کہ دوسروں کا مینڈیٹ چرا کر پی پی جشن منارہی ہے، ہم کراچی کے شہریوں کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے نہیں دیں گے، الیکشن کمشنر بتادیں وہ پی پی کیخلاف کچھ نہیں کرسکتے، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق 20 تاریخ کو کراچی پہنچیں گے جس کے بعد ہم یوم تشکر کے ایک بڑے اجتماع کا انعقاد کریں گے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ تین چار بار الیکشن ملتوی کروائے گئے، ووٹر لسٹیں درست نہ ہونے پر بھی ہم الیکشن میں گئے، حلقہ بندیوں میں پڑتے تو الیکشن مزید تاخیر کا شکار ہوتے، عوام کے حقوق کیلیے ہر موقع اور مرحلے پر آواز اٹھائی، شہریوں کیلیے جدوجہد کی اور کرتے رہیں گے اگر کسی نے ہمارے لوگوں اور شہر کا میںڈیٹ چرایا تو اُسے گھر تک چھوڑ کر آئیں گے۔

مزید پڑھیں:  سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی بحال، معطلی کا فیصلہ کالعدم