تحریک انصاف کے رہنما

تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی ضمانت منظور ہونے کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔
ویب ڈیسک: ذرائع کے مطابق رہائی سے قبل اڈیالہ جیل میں فواد چوہدری کا طبی معائنہ کیا گیا، جیل اسپتال کے عملے نے فواد چوہدری کو صحت مند قرار دیا،فواد چوہدری کے اہلخانہ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد فواد چوہدری کے استقبال کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ پارٹی کی لیڈر شپ کا ساتھ دینے پر شکر گزار ہوں، پارٹی میرے پیچھے کھڑی رہی، تمام دوستوں نے بہت ساتھ دیا، اوورسیز پاکستانیوں اور سپریم کورٹ بار کونسل سمیت سب کا شکر گزار ہوں۔
فواد چودھری نے کہا کہ اداروں کا سب سے بڑا حمایتی ہوں، کبھی اداروں کے خلاف بیان نہیں دیا، شاہد خاقان عباسی، مصطفیٰ نواز کھوکھر، حنیف عباسی سمیت سب کا نہایت مشکور ہوں۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ سانحہ پشاور پر ہر آنکھ اشکبار ہے، 6 ماہ سے بتا بتا کر ہمارے گلے بیٹھ گئے ہیں، مراد سعید نے کئی بار دہشت گردی کے حوالے سے توجہ دلائی کوئی توجہ نہیں دی گئی، ان کی ساری توجہ عمران کو مائنس کرنے پرلگی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان ایک بڑی حقیقیت ہے، مائنس نہیں کیا جاسکتا، اداروں کے بغیر ملک نہیں چلتے، اداروں اور عوام کو ایک پیج پر رہنا ہے، پاکستان میں الیکشن کےعلاوہ اور کوئی حل نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، مقدمات، سختیاں، جیلیں کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، اب بھی وقت ہے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے بیٹھیں۔

مزید پڑھیں:  عالمی ایک روزہ رینکنگ میں بابر اعظم کی بادشاہت برقرار