سی ٹی ڈی ٹیم پر حملہ، زیرحراست 3 ملزم ہلاک، جوابی فائرنگ میں 4 دہشتگرد مارے گئے

شمالی وزیرستان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے میں زیر حراست 3 ملزمان ہلاک ہوگئے، سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
ویب ڈیسک: ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے بنوں ملزمان منتقل کرنے والے اسکواڈ پر حملہ کیا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے زیرحراست تینوں ملزمان ہلاک ہوگئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے کچھ ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے، یہ واقعہ گزشتہ رات میر علی بائی پاس پر پیش آیا۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور پولیس پر دستی بم حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، دہشت گردوں سے 4 شارٹ مشین گنز،کارتوس اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد اپنے ساتھیوں کو چھڑانا چاہتے تھے، ہلاک دہشت گرد تھانہ کینٹ پر دستی بم حملے اورکانسٹیبل افتخار کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے، سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور :خیبرپختونخوا کے ضلعی اور خصوصی عدالتوں میں پراسکیوشن افسران کی ہڑتال جاری