خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان

خیبرپختونخوا میں کل سے مزید مون سون بارشوں کا امکان

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر خیبرپختونخوا میں 23 اگست سے 27 اگست تک مزید مون سون بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے اور اس حوالے سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلہ میں تیز بارشوں اور ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کیونکہ مون سون بارشوں کی وجہ سے صوبے کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ بارشوں سے موجودہ گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے، سوات، کوہستان، بونیر، صوابی، چترال، مانسہرہ، شانگلہ، دیر، ابیٹ آباد، مردان اور تورغر میں تیز بارشوں سے ندی نالوں میں پانی کے بہاو میں اضافے کا خدشہ ہے اور ان بارشوں سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ کو ہر قسم مشینری کی دستیابی یقینی بنانے سمیت برساتی نالوں کی نگرانی کرنی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے، ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مراسلہ کے مطابق طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن اور بل بورڈز سے دور رہیں جبکہ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کو محفوظ انتظار گاہوں کی جانب منتقل کریں جبکہ اس دوران ہنگامی خدمات کے پیش نظر اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے سیاحوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزید پڑھیں:  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان