رہنما اعظم خان

اعظم سواتی کا نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے روپوش رہنما اعظم خان سواتی نے آئندہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
سینیٹر اعظم خان سواتی کی ایک ویڈیو پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پیج پر جاری کی گئی ہے جس میں اعظم سواتی مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقے میں نواز شریف کے مدمقابل الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے سابق وزیراعظم پر کرپشن اور ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے این اے 15 مانسہرہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا کہنا تھا اگر میری جماعت نے مجھے ٹکٹ دیا تو میں نواز شریف کا مقابلہ کروں گا اور مانسہرہ کی غیور عوام 8فروری کو مجھے اور تحریک انصاف کو جتوا کر اپنا پیغام دیں گے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان نے مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی حاصل کئے تھے اور ان کا کہنا تھا نواز شریف مانسہرہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن جیت کر چوتھی مرتبہ ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور عوام کے مسائل کا حل نکالیں گے۔

مزید پڑھیں:  برہان انٹرچینج بند، سینکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں